چیئرمین پیمرا کے انتخاب کیلئے سرچ کمیٹی سے مریم اورنگزیب کو نکال دیاگیا

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے چیئرمین پیمرا کے انتخاب کیلئے سرچ کمیٹی سے وزیراطلاعات مریم اورنگز یب کو نکال دیا۔

پیر کو چیف جسٹس میں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے میڈیا کمیشن کیس کی سماعت کی،دوران چیف جسٹس برہم ہوگئے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار نے بتایا کہ حکومت نے الیکٹرانک میڈیا کے نگراں ادارے پاکستان الیکٹر انک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے چیئرمین کے انتخاب کیلئے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

 وزیر اعظم کی منظوری سے کمیشن کی تشکیل کی گئی جس میں نمایاں صحافی اور پی بی اے کے چیئرمین کوشامل کیا گیا ہے، کمیشن چیئرمین پیمرا کیلئے 3 ممبران کے پینل کا انتخاب کرے گا۔

عدالت عظمیٰ نے پیمرا چیئرمین کے انتخاب کی سرچ کمیٹی کو تبدیل کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب کو کمیٹی سے نکال دیا اور ان کی جگہ کمیٹی میں سیکرٹری اطلاعات کو شامل کردیا گیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ مریم اورنگزیب بیانات دینے میں مصروف ہوں گی، ان کیلئے کمیٹی کیلئے وقت نکالنا ممکن نہیں ہوگا۔

چیف جسٹس نے پوچھا کہ پیمرا قانون میں ترمیم کے حوالے سے کیا کیا گیا؟۔

جسٹس شیخ عظمت نے استفسار کیا کہ پیمرا قانون میں کیا غلط خبروں سے متعلق کوئی شق ہے؟، جعلی خبریں بہت اہم مسئلہ ہیں، ملائیشیا میں جعلی خبر کو فوجداری جرم بنادیا گیا ہے،جس پر رانا وقار نے کہا کہ جعلی خبروں کی روک تھام کرنا نہایت ضروری ہے۔

loading...
loading...