چھ ملکی اسپیکرزکانفرنس:صدر،اسپیکراسمبلی ،چیئرمین سینیٹ کا اہم خطاب

Untitled-1

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت میں ’’ دہشتگردی اور بین العلاقائی رابطے‘‘ کے عنوان سے پہلی چھ ملکی اسپیکرزکانفرنس کےشرکاء سے خطاب میں صدرپاکستان نے کہا کانفرنس خطے کو درپیش چیلنجزسے نمٹنے میں مفید ثابت ہوگی ۔اسپیکرایاز صادق نے کہا کہ نان اسٹیٹ ایکٹرزنےسرحدی تحفظ کو دھچکا پہنچایا۔ چینی نمائندے نےکہاکہ تنازعات کے حل کیلئے ڈائیلاگ پریقین رکھتے ہیں۔

کانفرنس میں افغانستان، ترکی، ایران، روس، چین اور پاکستان کے اسپیکرز کے علاوہ پاکستان سےچئیرمین سینیٹ رضا ربانی بھی شریک ہیں۔

صدر مملکت ممنون حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہشتگردی مقامی مسئلہ نہیں بیرونی مداخلت ہے جس سے پاکستان سب سے زیادہ متاثرہواہے ۔ نائن الیون کے بعد پاکستان کو دہشتگردی کے دلدل میں دھکیل دیا گیا۔ہماری جغرافیائی قربت تاریخ کا دھارا بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ سی پیک کےفعال ہونے میں زیادہ دیرنہیں رہی، اس سے خطے میں نئے معاشی دور کا آغاز ہوگا۔ صدر نے خطے کے تمام ملکوں کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اہم منصوبے میں شامل ہونے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نےپرامن بقائے باہمی کے جذبے کے تحت افغانستان میں امن و استحکام کیلئے محنت اورغیر مشروط تعاون کیا ہے۔خطے میں پائیدار امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔

ایرانی اسپیکرعلی لاریجانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دورمیں دہشت گردی کی بنیاد بہت مختلف ہے ، انٹیلی جنس شیئرنگ بہتر بنانا ہوگی ۔ ہمیں امریکا کی نئی مہم جوئی روکنے کی ضرورت ہے جبکہ سائبر دہشتگردی روکنے کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ تین دہائیوں سے دہشتگردی کیخلاف لڑ رہے ہیں لیکن آج کل کے دور میں اس کی بنیاد بہت مختلف ہے۔

روس کی اسمبلی ڈوما کے چیئرمین نے کہا کہ ہم اجتماعی کوششوں سے دہشت گردی کو شکست دے سکتے ہیں، یہ پوری دنیا اور تمام مذاہب کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کیلئے مالی وسائل کو روکنے اور قانون سازی کے اقدامات کو مضبوط کرنے پر زور دیا۔روسی اسپیکر نے مزید کہا کہ دہشتگردی روکنے میں روس کو تجربہ حاصل ہے اور یہ ہمارا مشترکہ مقصد بھی ہے۔

چین کی قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین نے کہاکہ کوئی ملک تنہا انسانیت کو در پیش مسائل سے عہدہ برآں نہیں ہوسکتا اس لئے ہم سب کو اس سلسلے میں مل کر کام کرنا ہوگا۔ہمیں اجتماعی کوششوں کے ذریعے امن واستحکام قائم کرنے کا عزم کرنا چاہیے۔

ترک اسپیکر نے اپنے خطاب میں کہا کہ خطےکوسنگین چیلنجزدرپیش ہیں۔

loading...
loading...