پی آئی اے کا فلائٹ اسٹیورڈ منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(پی آئی اے )کی پرواز پی کے 749کے فلائٹ اسٹیورڈ تنویر گلزارکو منشیات رکھنے کے الزام میں پیرس میں گرفتار کرلیا گیا۔

ہفتے کو اسلام آباد سے پیرس پہنچنے والی پی آئی  اے کی پرواز پی کے749سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن پکڑے جانے کے بعدفرانسیسی حکام نے اسٹیورڈ تنویر گلزار کو حراست میں لے لیاتاہم جہاز کو کلیئرنس کے بعد پرواز کی اجازت دے دی گئی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ،سیکیورٹی چیکنگ پی آئی اے کی ذمہ داری نہیں ہوتی،طیارے کو منشیات تک کیسے پہنچایا گیا یہ سوالیہ نشان ہے؟۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ فلائٹ اسٹیورڈ کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغازکرتے ہوئے اسے ابتدائی طورپرمعطل کردیا گیا ہے تاہم الزام ثابت ہونے پر تنویر گلزار کو نوکری سے فارغ کیا جاسکتا ہے۔

گزشتہ برس مارچ میں پی آئی اے کی ایئرہوسٹس پیرس میں ہی شاپنگ کے دوران چوری کرتے پکڑی گئی تھی ۔

جبکہ 22مئی 2017کو لندن جانے والی پرواز سے بھی 20کلو ہیروئن برآمد ہوگئی تھی۔

loading...
loading...