پنجاب میں موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی میں اضافہ اور دھند میں کمی

فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسم سرما کی پہلی بارش نے سردی  میں اضافہ اور دھند میں کمی کردی۔

پنجاب میں موسم سرما کی پہلی بارش کا سلسلہ رات گئے جنوبی پنجاب کے اضلاع سے شروع ہوا،جن میں بہاولپور،بھکر ،ڈیرہ غازی خان،لیہ، خان پوراور جھنگ شامل ہیں،جس کے بعد بارش کا یہی سلسلہ آگے بڑھا اور بورے والا،وہاڑی،کمالیہ اور عارف والا تک پہنچ گیا۔

صبح کے وقت چیچہ وطنی  اور فیصل آباد میں بھی موسم سرما کی پہلی باران رحمت برسی اور موسم کو مزید سرد کردیا،بارش کی آمد ہوئی تو کئی روز سے باران رحمت کے منتظر شہریوں نے بھی شکر ادا کیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی بوندا باندی ہوئی،جس کے باعث کئی روز سے فضاٗ میں چھائی دھند اور اسموگ کی شدت میں کمی آگئی،پنجاب میں سب سے زیادہ بارش ڈیرہ غازی خان میں 12 ملی میٹر ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ،بارش کا یہ سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

loading...
loading...