پمز اسپتال میں زیر علاج کیپٹن (ر)صفدر کا طبی معائنہ مکمل

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: پمز اسپتال میں زیر علاج مسلم لیگ(ن)کے قائد نواز شریف کے داماد  کیپٹن (ر)صفدر کا طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق،جمعے کو پمز اسپتال کے ڈاکٹر تنویر خالق کی سربراہی میں 5 رکنی میڈیکل بورڈ نے کیپٹن (ر)صفدر کا طبی معائنہ کیااور گزشتہ روز کئے گئے تمام ٹیسٹ کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر کے مزید ٹیسٹ لیبارٹریز کو بھجوا دیئے گئے ہیں، ان کے اسٹنٹ کی صورتحال معلوم کرنے کیلئے دل کی ایکو اور ای سی جی بھی کی ہے جبکہ ان کے معدے کے بھی ٹیسٹ کئے جائیں گے۔

 کیپٹن (ر) صفدر کو شوگر اور معدے کا مرض بھی لاحق ہے اس لئے انہوں نے گھر سے آیا ہوا کھانا بھی نہیں کھایا بلکہ حلق خشک ہونے کے باعث صرف پانی پی رہے ہیں۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جیل میں مسلسل تین روز تک بیمار رہنے سے کیپٹن صفدر کے الیکٹرولائیٹس میں خرابی پیدا ہوگئی ہے، کیپٹن (ر) صفدر کو کارڈیک سنٹر کے وی آئی پی وارڈ میں داخل کیا گیا ہے اور ڈاکٹرز کی جانب انہیں پرہیزی کھانا کھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے ایون فیلڈ ریفرنس کیس کے مجرم کیپٹن (ر) صفدر کو طبیعت ناساز ہونے کے باعث سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کیا۔

 ذرائع کے مطابق انہیں السر کا مرض لاحق ہے جبکہ وہ معدے کا آپریشن بھی کرا چکے ہیں۔

loading...
loading...