پشاور خودکش دھماکا:چیف سیکریٹری اور آئی جی کو ہٹانے کا فیصلہ

فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور:نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر)دوست محمد خان نے پشاور خودکش دھماکےکے بعدچیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس کو ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔

نگران وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان کی جانب سے صوبائی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ چیف سیکرٹری کامران نوید بلوچ اور آئی جی محمد طاہر نے حفاظتی اقدامات کی ہدایات کو سنجیدگی سے نہیں لیا، اس لئے ان کی خدمات وفاق کے حوالے کرنے کیلئے کارروائی کی جائے۔

مراسلے میں تجویز دی گئی کہ موجودہ چیف سیکرٹری کی جگہ احمد حنیف اورکزئی کو تعینات کیا جائے جبکہ آئی جی محمد طاہر کو ہٹا کر ان کی جگہ ڈاکٹر نعیم خان کو آئی جی خیبرپختونخوا مقرر کیا جائے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ کمشنر پشاور کو ہٹا کر پرنسپل سیکریٹری ٹو وزیراعلیٰ اکبر خان کو کمشنر پشاور کا اضافی چارج دیا جائے۔

مراسلے کے مطابق سیکرٹری ہوم اکرام اللہ خان بھی حکومت اور ایجنسیوں کے درمیان رابطے رکھنے میں ناکام رہے، اس لئے ان کی جگہ بھی ہٹاکر سیکریٹری ماحولیات اور ذاکر آفریدی کو سیکریٹری ہوم تعینات کیا جائے۔

یاد رہے کہ 10 جولائی کو پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران خودکش حملے میں ہارون بلور سمیت 21 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

loading...
loading...