پاک سر زمین کسی کےخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،اعزازچوہدری

فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن:امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ پاک سر زمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ہفتے کو پاکستانی سفیراعزاز چوہدری نے واشنگٹن میں امریکی صحافیوں کے 8 رکنی وفد سے ملاقات کی اور پاکستان سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دیں ہیں ۔

اعزاز چوہدری نے کہا کہ انسداد دہشت گردی آپریشن کے باعث معاشی اشاریے مثبت ہیں جس کے باعث پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہترین اور شاندارہوگئی ہے۔

انہوں نے صحافیوں کوبتایا کہ کامیاب فوجی آپریشن سے متاثرہ علاقے دہشتگردی سے پاک کردیئے جبکہ دہشت گردی سے پاک علاقوں میں معاشی اور ترقیاتی کام جاری ہے۔

پاکستانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی اور مذموم عزائم کے خلاف ہے تاہم پاکستان کے متعلق غلط تصوررد کرکے نئے انداز سے دیکھنا ہوگا۔

امریکی صحافیوں کے سوال پرانہوں نے کہا کہ پاکستان کا بدلتے حالات میں مثبت تشخص سامنے آیا ہے اورامریکا سمیت مختلف ممالک سی پیک میں سرمایہ کاری کررہے ہیں۔

 انہوں نے واضح کیا کہ امریکا نے جب پاکستان کا ساتھ دیا تودونوں ممالک کا فائدہ ہوا اس لئے امریکا سے اچھے تعلقات کی امید رکھتے ہیں۔

پاک افغان مسئلے کے حوالے سے سوال پر اعزاز چوہدری نے کہا کہ افغان عدم استحکام کا اثر خطے پاکستان پر پڑا تاہم افغان مسئلے کا حل صرف مقامی اسٹیک ہولڈرز کے پاس ہے جس کیلئے پاکستان شراکت داروں سے مل کر افغانستان مسئلے کے حل میں مدد دے گا جبکہ جنوبی ایشیا کے امن کیلئے افغان استحکام بہت ضروری ہے۔

loading...
loading...