پاکستان سمیت سعودی عرب ،یو اے ای اور خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ

فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی:پاکستان سمیت سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ ہے۔

ماہ مبارک سایہ فگن ہوگیا،رحمتیں لئے پہلے عشرے کا آغاز ہوگیا،سعودی عرب، عراق، اردن اور بحرین سمیت مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک میں آج پہلا روزہ ہے۔

ماہ صیام کا چاند نظر آیا تو حرمین شریف میں تراویح کے روح پروراجتماعات ہوئے،اہل ایمان نے تراویح ادا کی اور پھر سحری کرکے پہلا روزہ رکھا۔

رمضان المبارک کی آمد پرسعودی فرمانروا شاہ سلمان نے مسلم امہ کو مبارکباد دی ،ادھرکینیڈین وزیراعظم نے بھی عالم اسلام کو رمضان کے آغاز پر مبارک کا پیغام دیا۔

پاکستان سمیت ملائیشیا،آسٹریلیا،جنوبی کوریا، جاپان اور سنگاپور میں بھی مسلمانوں نے پہلا روزہ رکھا،مختلف ممالک میں روزے کا دورانیہ بھی مختلف ہے۔

گرین لینڈ اورآئس لینڈ میں روزے کا دورانیہ سب سے طویل 21گھنٹے ہے،فن لینڈ میں 19 گھنٹے 56 منٹ، ناروے اور سویڈن میں 19 گھنٹے کا روزہ ہوگا۔

روس، جرمنی، آئرلینڈ، برطانیہ، بیلجیئم اور دیگر یورپی ملکوں میں مسلمان 18 گھنٹے بعد افطار کریں گے۔

ایران میں 16گھنٹے 4منٹ،افغانستان میں پندرہ گھنٹے اکیاون منٹ جبکہ بھارت میں 15گھنٹے 2منٹ کا روزہ ہے۔

سعودی عرب میں 14 گھنٹے 41 منٹ، انڈونیشیا میں 13 گھنٹے 2 منٹ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 11 گھنٹے 40 منٹ سے زائد دورانیے کا روزہ ہوگا ۔

سب سے کم دورانیہ ارجنٹائن میں ہوگا جہاں روزہ دار صرف 11گھنٹے 32منٹ بعد افطار کریں گے۔

loading...
loading...