ووٹ کا احترام ہوگا تو ملک آگے بڑھے گا، نواز شریف

فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ نون کے صدر نوازشریف نے کہا ہے کہ ووٹ کا احترام ہوگا تو ملک آگے بڑھے گا۔

مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمدنواز شریف نے لاہور میں جامعہ نعیمہ آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ ووٹ کا تقدس ہمیں بحال کرنا ہے،  لودھراں میں شاندار کامیابی پر اللہ کے شکر گزار ہیں اور دل چاہتا ہے کہ لودھراں جا کر عوام کا شکریہ ادا کروں۔

سابق وزیراعظم نے کہا لودھراں میں جیت سیاسی مخالفین کیلئے لمحہ فکریہ ہے اور ووٹ کے تقدس کی بحالی کا نعرہ عوام کے دلوں میں گھر کر چکا ہے، قوم نے فیصلہ سنا دیا ہے اب عدالتوں میں بیٹھے منصفوں کو بھی سوچنا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کا تقدس ہونا چاہیے اور 20 کروڑ عوام کے مینڈیٹ کی توہین نہیں ہونی چاہیے کیونکہ ملک میں ووٹ کا احترام نہیں رہا اسے بحال اور قائم کرنا ہے، ووٹ کا احترام ہو گا تو ملک آگے بڑھے گا اور تمام طبقوں کو ووٹ کا احترام کرنا چاہیے۔

نواز شریف نے کہا کہ ہم خلوص سے ملک کی خدمت کر رہے تھے لیکن بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے نااہل اور جھوٹا قرار دے دیا گیا، انصاف کی کرسی پر بیٹھے لوگ اللہ کے حضور کیا جواب دیں گے اور انہیں سب سے زیادہ جواب دہ ہونا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گالی گلوچ اورالزام تراشی کی سیاست کرنے والوں کو صادق اورامین قراردیا گیا اورہم جوعوام کی خدمت کررہے ہیں انہیں گھربھیج دیا گیا۔

نوازشریف نے کہاکہ مخالفین کیلئے لمحہ فکریہ ہے کہ انہوں نے منافقت اورجھوٹ کی سیاست کی ہے،عمران خان نے سیاست کو خراب کیا اور  گالم گلوچ کا کلچر متعارف کرایا ہے،مگر لودھراں کی عوام نے اپنا فیصلہ سناکر ثابت کردیا ہے کہ سیاست الزامات اور انتشار کا نام نہیں بلکہ عوامی خدمت ہے۔

loading...
loading...