وزیر اعلیٰ پنجاب نے بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے نے کمیٹی تشکیل دیدی

فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے نے 20رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔

  ہفتے کو قصور میں بچوں سے جنسی زیادتی، اغواء اور زینب قتل کیس کے بعد عوامی ردعمل کو مدنظر رکھتے ہوئے شہباز شریف نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے،جس میں 20ارکان شامل ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم، آئی جی پنجاب، ماہر قانون اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

بچوں میں شعور کی آگاہی سے متعلق تعلیمی نصاب میں تبدیلی، تفریح گاہوں، گلی محلوں اور دیگر مقامات پر بچوں کے تحفظ سے متعلق اسپیشل فورس کی تشکیل، بچوں کو حراساں اور ان پر تشدد کے حوالے سے مروجہ قوانین کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے کمیٹی اپنی شفارشات مرتب کرے گی۔

بچوں کے حقوق سے آگاہی کیلئے صوبے بھر میں مہم چلانے کے حوالے سے بھی کمیٹی تجاویز مرتب کرے گی،یہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر اجلاس منعقد کرے گی اور 2روز میں اپنی ابتدائی سفارشات مرتب کرے گی۔

گمشدہ بچوں کی فوری بازیابی کے حوالے سے اسپیشل فورس تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔