نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست پر حکومت سے جواب طلب

فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور:لاہور ہائیکورٹ نے نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 اگست کو جواب طلب کرلیا۔

منگل کو لاہور ہائیکورٹ میں نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے وہاں رجوع کیوں نہیں کیا گیا۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس  کا سپریم کورٹ  سے کوئی  تعلق نہیں ہے،سپریم کورٹ نے  نیب کو  3  ہفتوں میں  نواز شریف  کے خلاف  ریفرنس دائر کر نے کا حکم جاری کیا ،مگر نواز شریف  اور ان کے خاندان  نے نیب میں  پیش   میں ہونے  سے انکار کر دیا ہے۔

خدشہ  ہے کہ نیب ریفرنس  اورگرفتاری کے  خوف سے  نواز شریف  بیرون ملک  فرار ہوجائیں گے،عدالت نیب  ریفرنس کے فیصلے  تک  نواز شریف  کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد دائر درخواست پر 25 اگست کیلئے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔