میرے خلاف مقدمات،سازشوں کا جواب عوام دے رہے ہیں،نوازشریف

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ میرے خلاف مقدمات اور سازشوں کا جواب عوام دے رہے ہیں ۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ میرا مقدمہ پاکستان کے عوام لڑرہے ہیں اور آئندہ بھی لڑیں گے،احتساب کے نام پر ہم سے انتقام لیا جارہا ہے لیکن عوام کا ردعمل عیاں ہے جو ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات و سازشوں کا جواب دے رہے ہیں  اور ووٹ کے تقدس کی مثالیں قائم کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خدمت کرنے والوں سے انتقام لیا جا رہا ہے اور ان کے خلاف سارا زور لگایا جارہا ہے، جنہوں نے نیب سے ریفرنسز بنوائے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ نواز شریف کو کسی نہ کسی طرح سزا ہوجائے۔

نوازشریف نے کہا کہ   مجھے سزا دینے کیلئے ضمنی ریفرنس تیار کئے جارہے ہیں، حالانکہ موجودہ ریفرنس میں جان ہوتی یا کوئی ثبوت اور سچائی ہوتی تو ضمنی ریفرنس کی ضرورت ہی نہ ہوتی، ان ریفرنسز میں کچھ نہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم نہیں کہ انتقام کیوں لیا جارہا ہے لیکن کل لودھراں کا الیکشن جھوٹے مقدمات کا جواب ہے، ہم سے انتقام لینے والوں سے عوام نے کل لودھراں میں انتقام لیا، کسی نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت نہیں، پہلے والے چارٹر پر ہی عمل ہوجائے تو سب ٹھیک ہوجائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج سب سے بڑے مجرم ہم بنے ہوئے ہیں تاہم ڈرتا نہیں ہوں کیونکہ  جو انتقام لے رہے ہیں وہ ان سے بھی پوچھ گچھ کریں جنہوں نے2 مرتبہ آئین توڑا اور ججز کو گرفتار کیا۔

نواز شریف نے کہا کہ آج سب سے بڑے مجرم ہم بنے ہوئے ہیں اور وہ جنہوں نے 2، 2مرتبہ آئین توڑا انہیں نہیں پکڑا اور کیا ان تک پہنچتے ہوئے پر جلتے ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا پاکستان کی معیشت کو عروج پر پہنچایا، ملک سے لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ کیا۔

loading...
loading...