موسم سرما کی چھٹیاں ختم،پنجاب اور سندھ میں سرکاری تعلیمی ادارے کھل گئے

فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور،کراچی:موسم سرما کی چھٹیاں ختم ہونے کے ساتھ ہی پنجاب اور سندھ میں سرکاری تعلیمی ادارے کھل گئے۔

نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی  بچوں کی چھٹیاں ختم ہوگئیں اور پنجاب کے تمام وفاقی و سرکاری اسکول کھل گئے جس کے ساتھ ہی تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔

پنجاب کے بیشتر اے کلاس نجی اسکول 7جنوری سے کھلیں گے تاہم کئی نجی اسکولز کی انتظامیہ نے آج سے ہی اسکول کھول دیئے ہیں۔

دوسری جانب سندھ کے بھی تمام سرکاری اسکولوں میں  موسم سرما کی تعطیلات ختم ہوگئیں۔

محکمہ تعلیم کے مطابق ،سندھ کے تعلیمی اداروں میں 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک تعطیلات تھیں، فیصلے کا اطلاق تمام سرکاری و نجی  تعلیمی اداروں پر تھا۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں تمام سرکاری اسکول تو کھل گئے لیکن پرائیوٹ اسکول کل 2 جنوری سے کھلیں گےتاہم آج کھلنے والے اسکولوں میں پہلے روز حاضری معمول سے کم رہی ۔