مصباح ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے خواہاں

File Photo

File Photo

لاہور: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ وہ بطورکپتان ویسٹ انڈیز کیخلاف پاکستان کی جانب سے پہلی بارسیریزجیتنے کا اعزاز حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ مصباح کے مطابق یونس خان کو مزید سال دوسال کرکٹ کھیلنی چاہیے۔

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق ویسٹ انڈیزکیخلاف سیریزکو یادگاربنانے کے خواہشمند ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائیٹ پر لکھے گئے کالم میں لکھتے ہیں کہ گزشتہ دو سیریز میں پرفارمنس خراب رہی، اچھا پرفارم کرکے کیرئیر کا اختتام کرنا چاہتے ہیں۔

کالم میں ان کا لکھنا تھا کہ پاکستان گزشتہ پینسٹھ برس میں ویسٹ انڈیز میں کوئی سیریز نہیں جیت سکا۔ خواہش ہے کہ ان کی قیادت میں ایسا ہو۔ دیرسے کرکٹ کوخیرباد کہنے کی یہ بھی ایک وجہ ہے۔

مصباح نے مزید لکھا کہ یونس خان مزید ایک دو سال پاکستان کی خدمت کرسکتے ہیں لیکن بہت سے لوگ مجھ سے اتفاق نہیں کرتے۔ قومی ٹیم بطور کھلاڑی اور مینٹور کی حیثیت سے یونس کو مس کرے گی۔

مصباح نے یہ بھی لکھا کہ جب انضمام الحق اورمحمد یوسف نے کرکٹ چھوڑی تو میں نے یونس خان کے ساتھ مل کرخلاء پرکرنے کی کوشش کی۔

مصباح کا کہنا تھا کہ اب ہم دونوں کے بعد یہ ذمہ داری اظہرعلی اور اسدشفیق پرہوگی۔ دونوں ٹیسٹ فارمیٹ میں اچھاپرفارم کررہے ہیں۔ وہ ٹیم کو آگے لے جا سکتے ہیں۔