فیض آباد دھرنا کیس:خادم حسین رضوی ودیگر کیخلاف 3مقدمات داخل دفتر

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:انسداد دہشتگردی کی ایک عدالت نے فیض آباد دھرنا کیس میں تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی اور دیگر کیخلاف 3مقدمات داخل دفتر کردیئے۔

پیر کو اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے فیض آباد دھرنا کیس کی سماعت کی۔

اس موقع پر پولیس نے عدالت میں رپورٹ پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ پولیس کی جانب سے مقدمات کی نئے سرے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد دوبارہ چالان جمع کرایا جائے گا۔

علاوہ ازیں پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ نیا چالان جمع کرائے جانے تک کیس کی سماعت نہ کی جائے، جس پر عدالت نے مقدمات پر مزید کارروائی روک دی۔

بعد ازاں عدالت نے پراسیکیوٹر کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی۔