عدلیہ مخالف تقاریرکیس:نواز شریف نے عدالتی بینچ کے سربراہ پر اعتراض اٹھادیا

فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور:سابق وزیراعظم نواز شریف نے عدلیہ مخالف تقاریر کیس کی سماعت کرنے والے لاہور ہائیکورٹ کے بینچ کے سربراہ پراعتراض اٹھادیا۔

تفصیلات کے مطابق، پیر  کو جسٹس مسعود جہانگیر ، جسٹس عاطر محمود اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل لاہور ہائیکورٹ کا 3 رکنی بینچ سابق وزیراعظم نواز شریف اورمریم نواز سمیت 16 اراکین اسمبلی کیخلاف عدلیہ مخالف تقاریر کی درخواستوں کی سماعت کر رہا ہے۔

نواز شریف نے تحریری طور پر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی بینچ میں شمولیت پر اعتراضات اٹھادیئے۔

سابق وزیراعظم نے اپنے وکیل اے کے ڈوگر کی وساطت سے متفرق درخواست دائر کرکے اعتراضات داخل کئے اور بینچ کے سربراہ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی سے بینچ سے علیحدگی کی استدعا کی۔

درخواست گزار وکیل اے ڈوگر نے کہا کہ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے نواز شریف کے وکیل کو سنے بغیر اپنے حکم نامے میں متنازعہ ریمارکس لکھے، فاضل جج کے ریمارکس سے میرے مؤکل نواز شریف کے دل میں خوف پیدا ہوا،بینچ میں جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی موجودگی سے نواز شریف کو انصاف کا حصول ممکن نظر نہیں آتا۔

نواز شریف نے استدعا کی کہ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی خود کو بنچ سے علیحدہ کریں۔

واضح رہے کہ نواز شریف، مریم نواز اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں کی عدلیہ مخالفت تقاریر میڈیا میں نشر ہونے سے روکنے کیلئے درخواست کی سماعت کرنے کا بینچ 3 بار تحلیل ہونے کے بعد دوبارہ بنا ہے۔

loading...
loading...