عائشہ گلالئی کی نااہلی کیلئے عمران خان کی اپیل خارج

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رہنما ءعائشہ گلالئی کی نااہلی کیلئے عمران خان کی اپیل خارج کردی۔

بدھ کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے عائشہ گلالئی کی نااہلی کیلئے عمران خان کی اپیل پرسماعت کی ۔

چیف جسٹس نے عمران خان کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی لوگ ایسے بیانات دیتے رہتے ہیں ،کیا آپ نے تسلیم کیا کہ عائشہ گلالئی نے تحریری استعفیٰ نہیں دیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ شیخ رشید نے بھی اسمبلی سے استعفے کا اعلان کیا تھا کیا شیخ رشید کے اعلان کے بعد ان کا استعفیٰ ہو گیا، اسی طرح عائشہ گلالئی نے پریس کانفرنس میں استعفیٰ دینے کی بات کی۔

سپریم کورٹ نے دلائل مکمل ہونے پر عائشہ گلالئی کی نااہلی کیلئے دائر اپیل خارج کردی۔

عائشہ گلالئی نے عدالتی فیصلے پر شکریہ اداکیا اور ساتھ ہی عمران خان اور آصف زرداری کو چور قرار دے دیا۔

عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اپنے اعمال کی وجہ سے لوگ جوتے مارہے ہیں۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کی منحرف رکن عائشہ گلائی نے عمران خان پر خواتین سے متعلق الزامات عائد کئے تھے اور اپنی الگ جماعت بنانے کا بھی اعلان کیا تھا۔

loading...
loading...