سپریم کورٹ نے شیخ رشید کو اہل قرار دے دیا

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی نا اہلی کی درخواست خارج کرتے ہوئے انہیں اہل قرار دے دیا۔

بڑی عدالت کا آج وہ ایک بڑا فیصلہ آگیا  ،جس نے شیخ رشید کی سیاسی زندگی میں نئی روح پھونک دی،شیخ رشید سیاسی کیئرئیر ختم ہونے سے بال بال بچ گئے،سیاسی اننگز جاری رکھنے کی اجازت مل گئی ۔

بدھ کو جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نےعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی نااہلی سے متعلق درخواست پر20مارچ کو محفوظ کیا گیا فیصلہ جسٹس عظمت سعید شیخ نے پڑھ کر سنایا۔

عدالت عظمیٰ نے شیخ رشید کیخلاف مسلم لیگ ن کے رہنماء شکیل اعوان کی درخواست خارج کرتے ہوئے شیخ رشید کو اہل قرار دے دیا ،جس کے بعد وہ الیکشن 2018 میں حصہ لے سکیں گے۔

سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ کا فیصلہ 1-2کے تناسب سے سنایا گیا ، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اختلافی نوٹ لکھا، جس میں کیس کہا گیا ہے کہ کیس کے فیصلے کیلئے فل کوٹ بینچ تشکیل دیا جائے۔

درخواست گزار شکیل اعوان نے شیخ رشید پر 2013کے عام انتخابات میں اثاثے چھپا نے کا الزام عا ئد کیا تھا۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ شیخ رشید نے کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کرتے ہوئے زرعی زمین اور آمدن ظاہر نہیں کی اس لئے وہ ممبر قومی اسمبلی کیلئے اہل نہیں ہیں۔

 شیخ رشید نے گھر کی قیمت ایک کروڑ 2 لاکھ ظاہر کی جب کہ گھر کی بکنگ 4 کروڑ 80 لاکھ سے شروع کی گئی تھی، فتح جنگ کے موضع رامہ میں زمین زیادہ لیکن کاغذات میں کم ظاہر کی گئی۔

ریکارڈ کے مطابق شیخ رشید کی زمین ایک ہزار 81 کنال ہے لیکن انہوں نے کاغذات نامزدگی میں 968 کنال اور13مرلہ ظاہر کی ہے۔

loading...
loading...