سعودی عرب پر کئے گئے 7 بیلسٹک میزائل حملے ناکام

13

ریاض : سعودی فورسز کا کہنا ہے کہ یمن میں حوثی باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقے سے سعودی عرب پر داغے جانے والے 7 میزائل فضا میں تباہ کردیے گئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمن میں حوثی باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقے سے سعودی عرب پر 7 میزائل حملے سعودی فورسز نے ناکام بنا دیے، میزائل کا ملبہ ایک گھرپرگرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

سعودی عرب کی زیرقیادت لڑنے والی اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا ہے تین میزائلوں کا رخ سعودی دارالحکومت ریاض، دو میزائل خمس مشائط اور دو نجران پرداغے گئے تاہم انہیں فضا میں ہی تباہ کردیا گیا۔

یمن میں حوثی باغی حکومت کے خلاف سرگرم ہیں اور ملک کے کئی علاقے ان کے قبضے میں ہیں۔ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے مارچ 2015 میں ان کے خلاف جنگی کارروائیاں شروع کی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 7 فروری کو حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے شہر خمیس پر میزائل داغا تھا، جسے سعودی ایئر ڈیفنس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا تھا۔