تیسرا ون ڈے: شاہینوں کو بدترین شکست، سیریز ہاتھ سے نکل گئی

main


ڈونیڈن: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 183 رنز سے بدترین شکست کا مزہ چکھنا پڑا۔

دو سو اٹھاون رنز کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم محض 74 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کے سات بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

ڈونیڈن میں کھیلے جانے والے میچ میں میزبان نیوزی لینڈ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 257 رنز بناکر آل آؤٹ ہوئی۔ کیوی کپتان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73 رنز اسکور کئے اس کے علاوہ راس ٹیلر نے 52، مارٹن گپٹل نے 45 اور ٹام لیتھم نے 35 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی بولنگ کارکردگی پچھلے میچوں کی نسبت قدرے بہتر رہی، رومان رئیس اور حسن علی نے تین تین، شاداب خان نے دو جبکہ فہیم اشرف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں شاہین ابتداء سے ہی مشکلات کا شکار رہے، کیوی بولر ٹرینٹ بولٹ نے ٹاپ آرڈر کو محض 2 اوورز میں ہی چلتا کردیا۔ ایک موقع پر پاکستان کے 32 رنز پر 8 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے جس کی وجہ سے کیویز کے دیس میں سب سے کم اسکور کا خطرہ منڈلانے لگا تھا۔ تاہم آخری دو وکٹیں اسکور کو 74 رنز تک پہنچانے میں کامیاب رہیں۔

حریف ٹیم کے ٹرینٹ بولٹ کو تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس کے علاوہ منرو اور فرگیوسن نے بھی 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پاکستان کی جانب سے گیارہوں نمبر پر بلے بازی کرنے والے رومان رئیس ٹاپ اسکورر رہے انہوں نے 16 رنز اسکور کئے۔

پاکستانی ٹیم کا فائنل اسکور 27 اشعاریہ 2 اوورز میں 74 رنز رہا۔ شاہینوں نے 164 میں سے 124 گیندیں ڈاٹ کھیلیں۔

کیویز کے خلاف سیریز کا چوتھا ون ڈے میچ 16 جنوری بروز منگل کو کھیلا جائے گا۔ یاد رہے اس میچ میں کامیابی کے ساتھ نیوزی لینڈ کو 0-3 کی ناقابل شکست برتری بھی حاصل ہوچکی ہے۔

loading...
loading...