تاحیات نااہلی کے فیصلے کوعوام مسترد کر دیں گے،مریم اورنگزیب

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ تاحیات نااہلی کے فیصلے کو عوام مسترد کردیں گے۔

جمعے کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو فیصلہ سپریم کورٹ نے آج سنایا اس کا ٹرائل احتساب عدالت میں جاری ہے، فیصلہ ٹرائل سے پہلا آچکا ہے، نیب کورٹ میں ہونے والی جرح میں نواز شریف پر ایک روپے کرپشن ثابت نہیں ہوسکی، واجد ضیاء کہہ چکے تنخواہ لینے کی کوئی دستاویزات موجود نہیں، نامکمل ٹرائل پر وزیراعظم کو نااہل قرار دیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ وہ مذاق ہے جو 17وزرائے اعظم کے ساتھ ہوتا آیا ہے،منتخب وزیراعظم کو نا اہل پہلے کیا جاتا ہے،ٹرائل بعد میں ہوتا ہے، معلوم لوگ منتخب وزیراعظم کی نااہلی کا فیصلہ کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ واجد ضیا کہہ چکے ہیں کوئی بھی دستاویزات موجود نہیں جس سے ثابت ہوتا ہو کہ نوازشریف نے بیٹے سے تنخواہ لی ہو،عوام پاناما فیصلے کی طرح یہ فیصلہ بھی قبول نہیں کریں گے،مائنس ون کا نعرہ پہلے بھی لگا۔نون لیگ اور اس کے ووٹرز کا عزم اس فیصلے کے بعد مزید مضبوط ہوگا۔

وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ  پاکستان کے آئینی اداروں اور سپریم کورٹ کااحترام لازم ہے، مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف نے ہمیشہ عدلیہ کی عزت،وقار اور آئین و قانون کی بالادستی کی بات کی ہے لیکن فیصلے پر ردعمل عوام اور نواز شریف کا حق ہے، یہ فیصلہ کروڑوں لوگوں کے منتخب وزیراعظم کیخلاف آیا ہے۔

loading...
loading...