بھارت کا ڈرون چین کی فضائی حدود میں گرکر تباہ

فائل فوٹو

فائل فوٹو

بیجنگ:چین کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک انڈین ڈرون چین کی فضائی حدود میں داخل ہوا اور گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

ویسٹرن تھیئٹر کامبیٹ بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر زہنگ شوئلی کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ حالیہ دنوں پیش آیا ہے تاہم انہوں نے اس کے مقام کے بارے میں نہیں بتایا۔

خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق زہنگ شوئلی کا کہنا ہے کہ انڈیا نے چین کی سرحدی خودمختاری کی خلاف ورزی کی ہےتاہم اس حوالے سے انڈیا کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل نہیں آیا ہے۔

خیال رہے کہ انڈیا اور چین کے درمیان حال ہی میں تعلقات میں ہمالیہ تنازع کے باعث کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔

زہنگ شوئلی نے کہا ہے کہ چینی بارڈر فورسز نے مبینہ ڈرون کی تصدیق کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چین اس معاملے پر ہماری شدید ناپسندیدگی اور مخالفت کا اظہار کرتا ہے، اور وہ ثابت قدمی سے ملک کے امن اور حقوق کا تحفظ کرے گا۔

دونوں ممالک کے درمیان حالات اس وقت کشیدہ ہو گئے جب جون میں انڈیا نے کہا تھا کہ اس نے چین،انڈیا اور بھوٹان کی سرحد پر ڈوکلام کے مقام پر چین کو سڑک تعمیر کرنے کی کوشش کو روک دیا ہے۔