بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کررہا ہے،دفترخارجہ

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کررہا ہے ،ساری دنیا جانتی ہے دہشتگردوں اور اُن کا سرغنہ کون ہے۔

پاکستان نے برطانوی سرزمین پر بھارتی وزیراعظم نریندرامودی کی ہرزہ سرائی کو رد کردیا۔

اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے دہشتگرد اور ان کا سرغنہ کون ہے، بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کررہا ہے، پاکستان کی حراست میں کمانڈر کلبھوشن جادیو ثبوت ہے کہ کون دہشتگردی کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک کے بے بنیاد بیانات کو پہلے ہی مستردکرچکا ہے، بھارت اپنی اندرونی سیاست کیلئے پاکستان کیخلاف بیانات سے باز رہے، بار بار جھوٹ کو دہرانے سے جھوٹ سچ نہیں بن جاتا۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کوئی کنفیوژن نہیں ، ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہمارے اپنے ملکی مفادات ہیں، پاکستان امریکا سمیت کسی بھی بھی ملک کے نہیں بلکہ اپنے قومی مفاد کو دیکھتا ہے،  کسی ملک کےساتھ غلط فہمیوں کی وجہ اس کے مفادات کو نہ ماننا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا نے پاکستانی سفارتکاروں سے متعلق اقدامات پرآگاہ کیا ہے کہ امریکا میں تعینات پاکستانی سفارتکاروں کی نقل وحرکت یکم مئی سے محدود کی جائے گی،  اس معاملے پر دونوں ممالک رابطے میں ہیں۔

کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ  سفارتی استثنیٰ کے معاملے پر رابطے کے منتظر ہیں۔

ترجمان ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم دورہ لندن پر دولت مشترکہ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے ساتھ ملکہ برطانیہ سمیت دیگرسیاستدانوں اور رہنماؤں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کرم ایجنسی میں افغانستان سے ہماری افواج پربلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس سے 5 جوان شہید ہوئے جب کہ ایک سپاہی کو اغوا ءکر لیا گیا، پاکستان نے اس مرحلے پر انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا۔

loading...
loading...