بھارتی آرمی چیف کا مقبوضہ کشمیر میں شکست کا اعتراف

9

سری نگر: بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے اعتراف کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکتیں، وادی کے حالات بہتر کرنے کا طریقہ صرف امن ہی ہے، جارحیت سے مجاہدین بھی اپنا مقصد حاصل نہیں کر سکتے۔

مقبوضہ کشمیر میں لائٹ انفینٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وادی کے انتہا پسند نوجوانوں کو جلد احساس ہو جائے گا کہ بندوق کسی مسئلے کا حل نہیں۔ یہ کہنا غلط ہے کہ وادی میں صورت حال قابو سے باہر ہو گئی ہے۔ یہ صورت حال بھی اتنی خراب نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا ہمیں مل کر امن کے لیے کوئی راستہ تلاش کرنا ہو گا اور ہم اس میں کامیاب ہو جائیں گے ۔ اس کے لیے ہمیں مل کر بیٹھنا، کام کرنا اور محنت کرنا ہو گی۔

بھارتی آرمی چیف نے ساتھ یہ بھی دعویٰ کر دیا کہ وادی کے زیادہ تر لوگ امن چاہتے ہیں اور ان کا یقین ہے کہ وہ بھارتی ہیں کیونکہ کشمیریات کا تصور واپس لانے کی ضرورت ہے۔

یاد ریے برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیر میں آزادی کی تحریک زور پکڑ چکی ہے اور بھارتی فوج سے اب یہ سب برداشت نہیں ہو رہا اور وہ نہتے کشمیریوں پر گولیاں برسا رہی ہے۔