انقلاب باتوں سے نہیں کام کرنے سے آتا ہے،وزیراعظم

فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور:وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ انقلاب باتوں سے نہیں کام کرنے سے آتا ہے، آئندہ انتخابات میں عوام کا فیصلہ سر آنکھوں پر ہوگا۔

ہفتے کو پشاور میں نیشنل انکیو بیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ن لیگ  کو جب حکومت ملی تو پاکستان کرپشن کی وجہ سےبہت پیچھےرہ چکا تھا، انقلاب باتوں اور دعوؤں سے نہیں کام کرنے سے آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم تنقید کرنا اور لوگوں کو کام سے روکنا جانتے ہیں،کام کریں گے تو آگے بڑھیں گے ورنہ گھر جائیں گے لیکن جمہوریت کا سفر ملک میں چلتا رہے گا،جمہوریت کے سفر میں آج سے چار پانچ ماہ بعد عوام جو فیصلہ کریں گے وہ سر آنکھوں پر ہوگا، آئندہ انتخابات میں عوام جس کو مینڈیٹ دیں گے اسی کی حکومت ہوگی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کام کرکے دکھایا ہے،ہم نے ہزاروں میل طویل موٹرویز بنائیں لیکن حکومت ہر مسئلہ حل نہیں کرسکتی لیکن ہر مسئلے کے حل کے لئے سہولت کار کا کردارادا کرسکتی ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بدل چکی ہے، اب ہمیں ٹیکنالوجی کی طرف جانا ہے، نوجوانوں کے روزگار کا مسئلہ آئی ٹی کے شعبے میں انقلاب سے ہی حل ہوگا، براڈ بینڈ سہولت کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، ہماری حکومت نے تھری اور فورجی کے لائسنس شفاف طریقے سے دیے۔ امید ہے یہ ادارہ آئی ٹی سمیت دوسرے اداروں کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔

loading...
loading...