اسلام آباد ہائیکورٹ نے زلفی بخاری کی حکم امتناع کی درخواست مسترد کردی

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری کی جانب سے حکم امتناع کی درخواست مسترد کردی۔

جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری پر عائد سفری پابندیاں ہٹانے سے متعلق درخوست کی سماعت کی۔

زلفی بخاری کے وکیل  سکندر بشیر مہمندنے عدالت کے روبرو مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کو 11 جون کو عمرے کیلئے روانگی پرغیر قانونی روکا گیا تاہم بعد میں وزارت داخلہ نے6 دن کا استثنیٰ دے کر انہیں عمرے پر روانگی کی اجازت دی،زلفی بخاری پرعائد سفری پابندیاں بنیادی انسانی حقوق سے متصادم ہیں، اس لئے ان کے موکل کا نام بلیک لسٹ سے نکالا جائے۔

سکندر بشیر مہمند نے عدالت سے درخواست کی کہ عدالت کی جانب سے فیصلے تک ان کے مؤکل پر عائد سفری پابندیوں پر حکم امتناع جاری کیا جائے۔

جسٹس عامر فاروق نے حکم امتناع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ کو حکم امتناع کی کیا ضرورت ہے،  ہمارا حکم امتناعی دو دنوں میں پہنچے گا اور آپ اپنا کام آدھے گھنٹے میں کروالیں گے۔

عدالت نے وزارت داخلہ کے سیکشن آفیسرای سی ایل کو ذاتی طور پر طلب کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے، کیس کی مزید سماعت 21 جون کو ہوگی۔

loading...
loading...