احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کیخلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت جاری ہے۔

بدھ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سابق نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران احتساب عدالت میں تینوں نامزد ملزمان موجود تھے، وکیل صفائی قاضی مصباح نے استغاثہ کے گواہ محمد عظیم پر جرح کی۔

سماعت کے دوران اسحاق ڈار کی طرف سے ہجویری فاؤنڈیشن کو جاری چیکوں کی تفصیلات پیش کی گئی۔

گواہ کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے ہجویری فاؤنڈیشن کے نام پر چیک جاری کئے،15 اکتوبر 2005 کو ہجویری فاؤنڈیشن کے نام پر چیک جاری کیا گیا،22 جنوری 2010 کو اسحٰق ڈار نے 4 لاکھ کا چیک جاری کیا۔

گواہ کے مطابق، یکم مارچ 2010 کو 7 لاکھ کا چیک ہجویری فاؤنڈیشن کے نام پر جاری کیا،اسحاق ڈار نے کل 6 کروڑ 53 لاکھ کے چیک ہجویری فاؤنڈیشن کو جاری کئے۔

سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ سعید احمد یہ نہ سمجھیں کہ ان پر کوئی الزام نہیں، سعید احمد نے اسحاق ڈار کے نام پر7 اکاؤنٹ کھولے،انہوں نے بتانا ہے وہ اکاؤنٹ کس کے کہنے پر کھولے گئے۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ کچھ اکاؤنٹ ان کے اپنے نام پر ہیں، ان کا استعمال اسحاق ڈار کرتے ہیں، سعید احمد بتائیں اکاؤنٹ کون سے ہیں اور کتنی رقم موجود ہے۔

loading...
loading...