آصف علی زرداری آج طاہر القادری سے ملاقات کریں گے

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:سابق صدر آصف علی زرداری  آج پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کریں گے۔

پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے حکومتی اتحاد سے نکلنے کے بعد اب نئی سیاسی سمت متعین کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آصف زرداری پیپلز پارٹی کے رہنماؤں خورشید شاہ، قمر زمان کائرہ، منظور وٹو اور دیگر کے ہمراہ آج منہاج القران سیکریٹریٹ کا دورہ  اور عوامی تحریک کے پارٹی سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث کرداروں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔

طاہرالقادری آصف علی زرداری کو علی باقر نجفی رپورٹ کی کاپی  فراہم کریں گے اور احتجاجی تحریک کے حوالے سے بلائی جانے والی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دیں گے۔

ذرائع کے مطابق ،ملاقات میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے مابین پائی جانے والی غلط فہمی کو دور کرنے اور مستقبل میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔