جعلی موت کے شکار بولی وڈ ستارے بولی وڈ اداکار پوری دنیا میں اپنی ایک الگ پہچان رکھتے ہیں، لیکن کبھی کبھی یہ شہرت ان کیلئے سخت پریشانی کا باعث بن جاتی ہے کیونکہ چند غیر ذمہ دار لوگ سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے فنکاروں کے بارے میں غلط اور جھوٹی افواہیں پھیلا نا شروع کردیتے ہیں۔
آج ہم آپ کو بھارتی فلم انڈسٹری کے ان مشہور اداکاروں کے بارے میں بتائیں گے جن کی موت کی جھوٹی خبروں نے سوشل میڈیا پر بہت کوریج پائی لیکن ان کے باعث متاثرہ اداکاروں کو ذہنی اذیت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
دلیپ کمار
لیجنڈ اداکار دلیپ کمار ان دنوں ناساز طبعیت کے باعث میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ ماضی میں دلیپ کمار کے بارے میں کسی نے یہ افواہ پھیلائی تھی کہ شدید علالت کے باعث اب دنیا میں نہیں رہے۔ اس خبر کے پھیلتے ہی مداح کافی پریشانی کا شکار ہوئے۔ بعد ازاں دلیپ کمار کے قریبی دوست اور معروف اداکار امیتابھ بچن نے ٹوئٹر پر خبر کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں سائرہ بانو کا پیغام موصول ہوا ہے جس کے مطابق یوسف خان بالکل ٹھیک اور صحت مند ہیں۔
شکتی کپور
فلموں میں کئی مرتبہ ہیرو کے ہاتھوں مرنے والے بولی وڈ کے نامور ولن شکتی کپور بھی اپنی موت کی جھوٹی خبروں سے بچ نہ سکے۔ گزشتہ سال ان کے بارے میں خبر آئی کہ کھنڈالا جاتے ہوئے وہ کار حا دثے میں ہلاک ہو گئے۔ خبر پھیلتے ہی ان کے پاس فون کالز کا تابتا بندھ گیا اور وہ سب کو یہ کہتے کہتے تھک گئے کہ انہیں کچھ نہیں ہوا۔
امیتابھ بچن
سوشل میڈیا پر متحرک امیتابھ بچن وقتاً فوقتاً ٹوئٹر پر کچھ نہ کچھ اپ ڈیٹس کرتے رہتے ہیں۔ افواہ ساز انہیں بھی ایک کار حادثے میں ‘ہلاک‘ کر چکے ہیں۔ ان کی موت کی افواہ سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیلنے کے بعد امیتابھ نے کوئی بیان دینے سے گریز کرتے ہوئے خاموشی اختیار کئے رکھی۔
لتا منگیشکر
بھارت کی ملکہ موسیقی لتا منگیشکر بھی اس طرح کی افواہوں کا شکار ہونے سے نہ بچ سکیں۔ ٹوئٹر پر ان کے مرنے کی خبر نے سب کو حیرت اور دکھ میں مبتلا کردیا۔ ان خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے لتا نے ٹوئٹر پر ردعمل میں کہا کہ غلط اور بے بنیاد افواہوں پر بالکل توجہ نہ دی جائے، ‘میں بالکل ٹھیک ہوں’۔
آیوشمان کھرانا
بولی وڈ کے ابھرتے ہوئے ہوئے ستارے آیوشمان کھرانا نے اپنے کیر ئیر کا آغاز میزبانی سے کیا۔ قسمت کی دیوی مہربان ہونے کے بعد انہیں فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اپنی پہلی ہی فلم سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے آیوشمان کے بارے میں کسی نے اس وقت ان کے مرنے کی خبر پھیلائی جب وہ اپنی فیملی کے ساتھ سوئٹزر لینڈ میں چھٹیاں گزار رہے تھے۔ اس خبر نے انہیں سخت پریشانی میں مبتلا کردیا۔انہوں نے ٹوئٹر پر پیغام لکھا کہ وہ زندہ اور بالکل صحت مند ہیں۔
کترینہ کیف
چھبیس نومبر، 2013 کو فیس بک پر وائرل ہونے والی اس خبر نے تمام لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔ خبر کے مطابق، کترینہ کیف اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔ ساتھ میں یہ بھی لکھا تھا کہ اس پیج کو لائک کرکے اپنی ہمدردی کا بھرپور طریقے سے اظہار کریں۔