ایکتا کپور کا تعاقب کرنے پر 32 سالہ ڈرائیور گرفتار

ektakapoor

بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی کوئین ایکتا کپور کا مسلسل تعقاب کرنے پر 32 سالہ ٹیکسی ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا، اس شخص کی شناخت سدھیر راجیدرا سنگھ کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق ہریانہ سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹیکسی سروس کا یہ ملازم گزشتہ ایک ماہ سے ایکتا کپور سے ملنا چاہتا تھا تاکہ وہ ایک اچھی نوکری حاصل کرسکے اور دوستانہ تعلق بھی قائم کرسکے۔

تاہم ایکتا کپور کی کمپنی کی جانب سے ایف آئی آر درج کروانے کے بعد ڈرائیور سدھیر راجیندرا سنگھ کو گرفتار کرلیا گیا۔

اس سلسلے میں ایک پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ہمیں شکایت موصول ہوئی تھی کہ ایک شخص بار بار نظرانداز کئے جانے کے باوجود شہر بھر میں ایکتا کپور کا تعاقب کرتا رہتا ہے۔

کچھ دنوں قبل جب ایکتا کپور جوہو میں ایک مندر گئیں تو یہ شخص ان کا پیچھا کرتے ہوئے وہاں بھی پہنچ گیا اور اُن تک پہنچنے کی کوشش کی تاہم پرسنل گارڈز کی موجودگی کے باعث وہ ایسا کرنے میں ناکام رہا۔

پولیس افسر نے مزید بتایا کہ ایکتا کپور کے گارڈز نے اس شخص کو ان سے دور رہنے کی تنبیہ بھی کی، لیکن پھر بھی وہ اپنے اس عمل کو جاری رکھتے ہوئے جِم کے باہر اُن کا انتظار کیا کرتا تھا۔

اس تمام تر صورتحال کے بعد امبولی پولیس نے سدھیر کے خلاف ایف آئی آر درج کی اور اس کی تلاش شروع کردی۔

پولیس افسر نے بتایا کہ ہم نے ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کی اور متعدد مرتبہ اس شخص کو ایکتا کپور کا تعاقب کرتے ہوئے پایا۔ جس کے بعد سیکشن 354 ڈی کے تحت مقدمہ درج کیا اور اسے گرفتار کرلیا۔

واضح رہے کیس کی مزید تحقیقات ابھی جاری ہیں۔

loading...
loading...