امیتابھ بچن اور قادر خان کے درمیان لڑائی کیوں ہوئی؟

kader

حال ہی میں بولی وڈ کے لیجنڈ اداکار قادر خان 81 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے تاہم ان دنوں انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ اپنے اور امیتابھ بچن کے درمیان تعلقات خراب ہونے کے حوالے سے گفتگو کی ہے۔

ویڈیو میں لیجنڈ اداکار قادر خان نے اس راز سے پردہ اٹھایا تھا کہ ایک ساتھ کئی نامور فلموں میں کام کرنے والے امیتابھ بچن اور ان کے درمیان کشیدگی کی وجہ کیا تھی۔

مختلف رپورٹس کے مطابق یہ ویڈیو 2012 کی ہے، اس ویڈیو میں قادر خان کا کہنا تھا کہ ‘میں امیتابھ بچن کو ہمیشہ سے امیت کہہ کر پکارتا تھا، ایک دفعہ ایک پروڈیوسر نے مجھ سے کہا کہ کیا آپ ‘سر جی’ سے ملے ہیں، جس کے جواب میں میں نے کہا کون ‘سر جی’؟ تو انہوں نے امیتابھ بچن کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ یہ لمبا شخص جو آرہا ہے۔ اس پر میں نے کہا یہ تو ‘امیت’ ہے، ‘سر جی’ کب سے ہوگیا؟

اس کے جواب میں ‘پروڈیوسر نے مجھ سے کہا ہم تو انہیں ‘سر جی’ کہتے ہیں اور تب سے ہی انہیں ہر کوئی ‘سر جی’ کہہ کر پکارتا ہے’۔

انہوں نے بتایا کہ ‘میں امیت کو کبھی ‘سر جی’ نہیں کہہ پایا کیونکہ مجھے عادت ہی نہیں ہوئی۔ کوئی اپنے دوست یا بھائی کو جس نام سے پکارتا ہو کیا اس میں تبدیلی لاسکتا ہے؟ ناممکن بات ہے یہ’؟

انہوں نے کہا کہ ‘میں یہ نہیں کر پایا اور شاید اسی لئے میرا ان سے وہ رابطہ نہیں رہا، اسی لئے فلم ‘خدا گواہ’ میں میں نہیں تھا، ‘گنگا جمنا سرسوتی’ میں نے آدھی لکھی اور آدھی چھوڑ دی، پھر اس کے بعد کچھ فلمیں جو آخر آخر کی میں نے نہیں لکھیں وہ بھی چھوڑ دیں۔

بعد ازاں 2013 میں دیئے گئے ایک انٹرویو میں قادر خان کا کہنا تھا کہ امیتابھ بچن اور ان کے درمیان تعلقات بحال ہوگئے ہیں اور بات چیت سے تمام تنازعات حل کرلئے ہیں۔

واضح رہے امیتابھ بچن نے قادر خان کی علالت پر دعائیہ پیغامات بھیجے اور عوام سے ان کی صحتیابی کے لئے دعا کی اپیل بھی کی تھی، پھر جب قادر خان کا انتقال ہوا تو انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی ٹویٹ بھی کی، ذیل میں ملاحظہ کریں۔

loading...
loading...