روینہ ٹنڈن سخت مشکل میں پھنس گئیں

raveena

ماضی میں اپنی اداؤں سے مداحوں کے دلوں پر بجلیاں گرانے والی بولی وڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن پر خود بجلی گرگئی، غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے خلاف ریاست بہار کے ضلع مظفر پور کی پولیس نے ٹریفک کی روانی متاثر کرنے پر عدالتی حکم کے بعد مقدمہ درج کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اداکارہ کے خلاف کاجی محمد پور پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جس میں ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے دورے کے دوران مظفر پور شہر میں ٹریفک کی روانی متاثر کی۔

بولی وڈ حسینہ کے خلاف ایڈووکیٹ سدھیر کمار اوجھا نامی شخص نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ روینہ ٹنڈن نے مظفر پور کا دورہ کیا اور ان کی آمد کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔

ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے باعث درخواست گزار خود بھی کئی گھنٹے ٹریفک میں پھنسے رہے، اس لئے اداکارہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق روینہ ٹنڈن نے گزشتہ ماہ 12 اکتوبر کو مظفر پور کے دورے پر ایک ہوٹل کا افتتاح کیا تھا۔

اس سے قبل ایڈووکیٹ سدھیر کمار نے عدالت میں اداکارہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کروائی تھی جس پر ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ دیپک کمار نے محمد پور پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ کو حکم دیا ہے کہ وہ اداکارہ روینہ ٹنڈن اور ہوٹل کے دونوں مالکان کے خلاف مقدمہ درج کریں۔

loading...
loading...