شاہ رخ خان کا تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خواتین کیلئے بڑا قدم

17

بولی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی غیر منافع بخش تنظیم نے تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خواتین کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ان کی پلاسٹک سرجری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شاہ رخ خان بھارت سمیت پوری دنیا میں اپنی بہترین اداکاری کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں تاہم ان کی زندگی کے اس پہلو سے چند ہی لوگ واقف ہیں کہ وہ خواتین اور بچوں کے حقوق کے لئے سماجی طور پر بہت زیادہ سرگرم رہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بولی وڈ کنگ غیر منافع بخش تنظیم ‘میرفاؤنڈیشن’ کے بانی ہیں جو تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خواتین کے لیے بہت زیادہ سرگرم ہے۔

اس فاؤنڈیشن میں تیزاب سے متاثرہ خواتین کو نہ صرف طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں بلکہ انہیں واپس اپنے پیروں پر کھڑے ہونے میں بھی مدد کی جاتی ہے جس کا مقصد صرف یہ ہے کہ یہ خواتین معاشرے میں ایک مرتبہ پھر سر اٹھاکر جی سکیں۔

حال ہی میں اس تنظیم نے تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خواتین کے لئے بڑا اعلان کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ‘میر فاؤنڈیشن’ نے ‘اتی جیون’ فاؤنڈیشن اور ‘نیو ہوپ’ اسپتال کے ساتھ مل کر تیزاب سے متاثرہ خواتین کے لئے پلاسٹک سرجری کا اہتمام کیا ہے۔

میر فاؤنڈیشن کی جانب سے یہ کیمپ 13 سے 15 جولائی تک لگایا جائے گا جہاں تیزاب گردی کا شکار ہونے والی تمام خواتین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اطلاعات کے مطابق اس کے ابتدائی مرحلے میں 44 خواتین کی پلاسٹک سرجری کی جائے گی۔

اسی سلسلے میں بولی وڈ کے باشاہ کی پروڈکشن کمپنی ‘ریڈ چلی’ کے سی ای او وینکی میسور نے بتایا کہ ہماری فاؤنڈیشن گزشتہ کئی برسوں سے تشدد کا شکار ہونے والی خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے کوشاں ہے۔

یہ فاؤنڈیشن صرف تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خواتین کی مدد ہی نہیں کرتی بلکہ  کمزور اور بے سہارا خواتین کو روزگار دلانے اور انہیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں بھی مدددیتی ہے۔ ساتھ ہی ان خواتین کو اس حوالے سے قانونی مشورے بھی دئے جاتے ہیں تاکہ یہ ایک بہتر اور خوشحال زندگی بسر کرسکیں۔

رواں کے پہلے ماہ میں شاہ رخ خان کو میر فاؤنڈیشن کے ذریعے خواتین اور بچوں کے حقوق کے لئے خدمات پر ‘کرسٹل ایوارڈ’ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔ جہاں شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ انہیں ایک چھوٹے سے کام کےلئے اتنا بڑا ایوارڈ لیتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔

loading...
loading...