ساری زندگی اتنے انٹرویوز دیئے کہ اب تھک گئی ہوں:الکا یاگنک

فائل فوٹو

فائل فوٹو

بھارتی پلے بیک سنگر الکا یاگنک نے اپنی دلکش آواز کے ذریعہ کئی سالوں تک لوگوں کے دلوں پر راج کیا ہے لیکن وہ ایک عرصے سے گمنامی کی زندگی گزار رہی ہیں۔

بی بی سی کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت میں انہوں نے کہا’فی الحال ممبئی میں ہی ہوں اور گھر میں چھپی بیٹھی ہوں، میڈیا سے ذرا گھبراتی ہوں، ساری زندگی اتنے انٹرویوز دیئے کہ اب تھک گئی ہوں۔’

کولکتہ کے ایک متوسط طبقے سے آنے والی الکا ياگنک کی پیدائش 20 مارچ سنہ 1966 کو کلکتہ میں ہوئی تھی۔

ان کے دور سے اب تک فلمی دنیا میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں ان کا کہناتھا کہ  آج موسیقی کے لحاظ سے گانوں کا انداز بدل چکا ہے، میلوڈی اب کم سنائی دیتی ہے، صوفی ریمکس اور آئیٹم سانگ اب زیادہ سنائی دیتے ہیں۔ اس لحاظ سے آج کا دور پہلے سے بالکل مختلف ہے۔ یہاں کسی کا زیادہ دیر ٹکنا بہت مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریئلٹی شو کی وجہ سے کئی فنکاروں کو مواقع مل رہے ہیں لیکن موسیقی کی کوالٹی اچھی نہیں ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مزید اچھے اور میلوڈی  والے گانے ضرور آئیں گے۔

الکا نے امیتابھ بچن کی فلم ‘لاوارث’ میں “میرے انگنے میں تمہارا کیا کام ہے …” گایا تھا جو زبردست ہٹ ہوا۔

ممبئی میں جدوجہد کرنے کے بعد سنہ 1988 میں فلم ‘تیزاب’ کے گیت ‘ایک دو تین…” سے انہیں اصلی کامیابی ملی اور وہ پلے بیک سنگر کے طور پر اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوئیں۔

الکا یاگنک کا ‘میرے انگنے میں تمہارا کیا کام ہے …’ گیت کو یاد کرتے ہوئے کہناتھا کہ  جب یہ گانا گایا تھا، تب اندازہ نہیں تھا کے اس گانے سے ایک شناخت ملے گی۔ کلیان جی آنند جی تب کہا کرتے تھے کی تمہارا نام ‘آنگنا ياگنک’ ہونا چاہیئے۔ تب اس گانے کو ریہرسل کے طور پر گایا تھا۔

الکا ياگنک کا کہنا ہے کا ‘ان کے زمانے میں وہ لوگ کام کے دم پر آگے بڑھتے تھے لیکن آج کل تو ہر نئے سنگر کو میڈیا راتوں رات ا سٹار بنا دیتی ہے۔ اگر ایک گانا بھی پاپولر ہو گیا اور سنگر اس کامیابی کو دہرا نہیں پایا تو اس کی حالت غیر ہو جاتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ‘جو خواہش نہیں کی تھی، وہ بھی پوری ہو گئی، اب زندگی میں جو بھی ملے وہ سرپرائز ہونا چاہیئے جو سوچا نہیں تھا وہ مل گیا۔’

الکا نے مزید کہا کہ  ہر گانے کی اپنی زندگی ہوتی ہے، اگر اس میں دم ہوگا تو اسے پاپولر ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

بشکریہ بی بی سی اردو